تعارف مولانا محمد نافع رحمہ اللہ

حضرت مولانا محمد نافع رحمۃ اللہ علیہ بن حضرت مولانا عبدالغفور رحمۃ اللہ علیہ کا تعلق کھوکھر برادری سے تھا۔ آپ کا آبائی علاقہ محمدی شریف، تحصیل بھوانہ، ضلع چنیوٹ تھا۔ آپ کی ولادت تقریباً 1333ھ بمطابق 1915ء میں محمدی شریف میں ہوئی۔ آپ کے والد محترم 1332ھ بمطابق 1913ء میں حج کے لیے تشریف لے گئے تھے۔ مدینہ منورہ کے سفر کے دوران ایک شتربان کا نام ’’نافع‘‘ تھا، جو انہیں پسند آیا، چنانچہ بیٹے کی ولادت پر ’’محمد نافع‘‘ نام رکھا گیا۔
حضرت مولانا محمد نافع رحمۃ اللہ علیہ نے 1352ھ بمطابق 1933ء میں اپنے والد سے قرآن مجید حفظ کیا۔ ابتدائی تعلیم مولانا اللہ جوایا شاہ رحمۃ اللہ علیہ اور اپنے برادر بزرگ حضرت مولانا محمد ذاکر رحمۃ اللہ علیہ سے حاصل کی۔ بعد ازاں لائل پور (فیصل آباد)، وان بھچراں اور موضع اَنی ضلع گجرات میں مختلف اساتذہ سے علومِ دینیہ حاصل کیے۔ آخرکار 1362ھ میں دارالعلوم دیوبند تشریف لے گئے اور اکابر اساتذہ سے دورۂ حدیث شریف مکمل کیا۔ 1363ھ بمطابق 1943ء میں دارالعلوم دیوبند سے سندِ فراغت حاصل کی۔
وطن واپسی کے بعد 1943ء ہی میں دارالعلوم جامعہ محمدی شریف میں تدریس کا آغاز فرمایا۔ قیامِ پاکستان 1947ء کے بعد آپ نے دینی و علمی خدمات کے ساتھ دفاعِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین، ردِ رافضیت اور تحفظِ عقیدۂ ختم نبوت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا۔ 1373ھ بمطابق 1953ء کی تحریک ختم نبوت میں عملی طور پر شریک ہوئے، گرفتاری پیش کی اور تقریباً تین ماہ جیل میں گزارے۔ آپ نے ہفت روزہ ’’الدعوۃ‘‘ میں ’’تحقیقات نافعہ‘‘ کے عنوان سے اور ماہنامہ ’’الفاروق‘‘ میں متعدد علمی و تحقیقی مضامین بھی تحریر فرمائے۔
حضرت مولانا محمد نافع رحمۃ اللہ علیہ کی پوری زندگی علم، تدریس، تحقیق، تصنیف اور دفاعِ صحابہ و اہلِ بیت رضوان اللہ علیہم اجمعین میں گزری۔ آپ کی معروف تصانیف میں مسئلہ ختم نبوت اور سلف صالحین، حدیث ثقلین، رحماء بینہم، مسئلہ اقربانوازی، حضرت ابوسفیانؓ اور ان کی اہلیہ، بنات اربعہؓ، سیرۃ سیدنا علی المرتضیٰؓ، سیرۃ سیدنا امیر معاویہؓ، فوائد نافعہ شامل ہیں۔
زندگی کے آخری ایام میں طبیعت ناساز ہوئی اور فیصل آباد کے ایک نجی ہسپتال میں زیرِ علاج رہے۔ بالآخر 7 ربیع الاول 1436ھ، بمطابق 30 دسمبر 2014ء، بروز منگل رات تقریباً ساڑھے دس بجے اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے۔ إنا لله وإنا إليه راجعون۔ اگلے روز 31 دسمبر 2014ء، بروز بدھ بعد نمازِ عصر محمدی شریف میں آپ کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں ملک بھر سے علماء، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ حضرت مولانا خواجہ خلیل احمد صاحب نے پڑھائی۔ آپ کو محمدی شریف کے قدیمی قبرستان میں اپنے بزرگوں کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ حضرت مولانا محمد نافع رحمۃ اللہ علیہ کے درجات بلند فرمائے آمین
حضرت مولانا محمد نافع رحمۃ اللہ علیہ کے حالات زندگی جاننے کے لیے حیات نافع کتاب کا مطالعہ کریں۔
